اوزون کے تحفظ کا بین الاقوامی دن
اوزون کے تحفظ کا بین الاقوامی دن ہر سال 16 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد اوزون کی تہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
اوزون زمین کے گرد وہ تہ ہے جو سورج کی خطرناک الٹراوائلٹ شعاعوں کو نہ صرف زمین کی طرف آنے سے روکتی ہے بلکہ زمین پر اس کے نقصان دہ اثرات کا خاتمہ کرتی ہے۔ اوزون اوکسیجن کے تین ایٹمز کے ساتھ ایک شفاف اور نظر نہ آنے والی گیس ہے جو قدرتی طور پر فضا میں موجود ہوتی ہے۔ اوزون کی نوے فیصد مقدار زمین کی سطح سے پندرہ تا پچپن کلومیٹر اوپر بالائی فضا میں پائی جاتی ہے۔ مگر 1970ء کی دہائی میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ انسانی ترقی نے کرہ ارض کی حفاظت کے اس قدرتی نظام کو بھی خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان ہی خطرات کے بارے میں شعور پیدا کرنے کے لیے دنیا بھر میں 16 ستمبر کو اوزون کی تہ کے بچاؤ کا دن منایا جا تا ہے۔ اوزون کا دن منانے کا مقصد تمام مخلوقات کے صاف اور صحت مند مستقبل کی لیے شعور، ذمہ داری اور عملی کام کو آگے بڑھانا ہے۔ انسان کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کی وجہ سے زمین کے قدرتی وسائل کم ہو رہے ہیں۔ اوزون کی تہ میں شگاف کے باعث سورج کی مضر صحت شعاعوں کے براہ راست کرہ ارض پر پہنچنے سے یہاں زندگی متاثرہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
Other Languages
Copyright
- This page is based on the Wikipedia article اوزون کے تحفظ کا بین الاقوامی دن; it is used under the Creative Commons Attribution-ShareAlike 3.0 Unported License (CC-BY-SA). You may redistribute it, verbatim or modified, providing that you comply with the terms of the CC-BY-SA.